افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے عالمی اشتراک کی ضرورت ہے، آرمی چیف

327

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران کی صورتحال پیدا نہ ہونے دینے کے لیے عالمی اشتراک کی ضرورت ہے،

افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، افغان عوام کی معاشی بہتری کے لیے مربوط کوششیں کرنا ہوں گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان اور افغانستان کے لیے برطانیہ کے خصوصی نمائندے نائیجل کیسی نے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی سمیت افغانستان کی حالیہ صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان عالمی و خطے کے امور میں برطانیہ کے کردار کو اہمیت دیتا ہے۔ برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعاون میں اضافے کے خواہاں ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے،

افغانستان میں انسانی بحران کی صورتحال پیدا نہ ہونے دینے کے لیے عالمی اشتراک کی ضرورت ہے، افغان عوام کی معاشی بہتری کے لیے مربوط کوششیں کرنا ہوں گی۔ برطانوی نمائندے نے افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی، بالخصوص بارڈر مینجمنٹ اور علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے یقین دھانی کرائی کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ دریں اثنا قطری بحریہ کے کمانڈر میجر جنرل عبداللہ ابن حسن السلیطی نے بھی آرمی چیف سے ملاقاکی، جس میں دوطرفہ دفاعی امور اور خطے میں سلامتی کی صورت حال پر گفتگو کی گئی۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاک فوج بھی قطر کی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے۔