عدالت عظمیٰ ،شوگر ملز کیخلاف حکومت پنجاب کی اپیل سماعت کے لئے منظور،3 ملز کو نوٹس جاری

205

اسلام آباد (صباح نیوز+آن لائن+اے پی پی) عدالت عظمیٰ نے شوگر ملز کیخلاف حکومت پنجاب کی اپیل ابتدائی سماعت کے لیے منظور کرلی۔ عدالت نے اتفاق شوگر مل، جے ڈی ڈبلیو شوگر مل اور حمزہ شوگر مل کو نوٹس جاری کر دیئے۔منگل کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 2018میں اتفاق شوگر کو چنی گوٹھ سے واپس پاکپتن منتقل کرنے کا حکم دیا۔ عدالتی فیصلے کے بعد اتفاق شوگر مل دوبارہ ہائیکورٹ چلی گئی۔عدالت نے حکومت پنجاب کو اتفاق شوگر مل کی درخواست کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔ شوگر مل کو آپریشنلائزڈ کرنے کی درخواست پر عدالت عظمیٰ کے فیصلہ کی غلط تشریح کی گئی۔علاوہ ازیں عدالت عظمیٰ نے مسلم لیگ ( ن ) کے رکن پنجاب اسمبلی  محمد کاشف کی  جعلی ڈگری پر نااہلی سے متعلق اسلام آباد کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل مسترد کردی۔ عدالت عظمی نے (ن)  لیگی رہنما  محمد کاشف کی جعلی ڈگری پر  نا اہلی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ مزید برآں عدالت عظمیٰ نے بیوروکریٹس اور ججز کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ معطل کرنے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے عبوری آرڈر کیخلاف فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کی جانب سے دائر درخواستیں نمٹادیں ۔ منگل کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل 3 رکنی اسپیشل بینچ نے بیوروکریٹس اور ججز کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ معطل کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے عبوری آرڈر کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی ۔ عدالت عظمیٰ نے قرار دیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اصل کیس میں فیصلہ محفوظ کردیا ہے اس لیے معاملے میں عدالت عظمیٰ کی مداخلت مناسب نہیں ۔ عدالت عظمیٰ نے اپنے آرڈر میں قرار دیا کہ درخواست گزاروں کے اعتراضات نوٹ کردیے ہیں ،ہائی کورٹ کے حتمی فیصلے کا انتظار کیا جائے گا۔دریں اثناء عدالت عظمیٰنے ادویات کے لیے پلاسٹک کی بوتلوں کے استعمال پر لیا گیا ازخودنوٹس نمٹا دیا ۔ جسٹس اعجازلا حسن کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے مذکورہ بالا از خود نوٹس پر سماعت کی ۔ جسٹس اعجازالاحسن کے استفسار پر ڈریپ کے سی ای او نے بتایا کہ ڈبلیو ایچ او کے معیار کے مطابق پلاسٹک استعمال ہو سکتا ہے،جہاں بھی غیر معیاری پلاسٹک استعمال ہونے کی شکایت ملے تو اس کیخلاف کارروائی کرتے ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے سی ای او ڈریپ کے بیان پر ادویات کے لیے پلاسٹک کی بوتلوں کے استعمال پر لیا گیا ازخودنوٹس نمٹا دیا۔ عدالت عظمیٰنے لڑکی اغوا کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم محمد عمیر کی ضمانت سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی ۔ عدالت عظمیٰ نے مغوی لڑکی صوبیہ کو بازیاب کروانے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ آئندہ سماعت تک لڑکی کی عدم بازیابی پر آئی جی پنجاب خود پیش ہوں۔