حکومت آئی ایم ایف معاہدہ پارلیمان میں پیش کرے‘شازیہ مری

133

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی سلیکٹڈ حکومت آئی ایم ایف سے کیا گیا معاہدہ پارلیمان میں پیش کرے، عمران خان کہتے تھے کہ خود کشی کروں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائوں گا جبکہ حکومت آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان نے خود تو خودکشی نہیں کی لیکن 22 کروڑ عوام کو پھٹے پر ڈال دیا اورصدر آصف زرداری سے بغض کی وجہہ سے پاک ایران گیس پائپ لائن کو ختم کیا جبکہ گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہوئے ہیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ نااہل حکومت نے بجلی، گیس اور پیٹرول مہنگا کرنے کا فیصلہ کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے اور ملک پر نالائقوں کے ٹولے کو مسلط کرنے سے تباہی پر تباہی آ رہی ہے۔شازیہ مری نے کہا کہ نالائق لاڈلے کو نہیں نکالا گیا تو تباہی پر قابو پانا مشکل ہو جائے گا۔