دنیا طالبان حکومت کو وقت دے‘ شیخ رشید

183

کوئٹہ (آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ مجموعی طور پر پاکستان میں امن ہے، بلوچستان میں جغرافیہ کے حوالے سے امن وامان ایک بڑا چیلنج ہے،پاکستان انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر طالبان حکومت کی مدد کررہاہے ، دنیا کو طالبان حکومت کو وقت دینا چاہیے،افغانستان کے حالات چند دنوں میں تبدیل نہیں ہوسکتے، معاملات مذاکرات سے حل ہونے چاہئیں ۔ وہ منگل کو آٹھویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ بلوچستان پاکستان کی ترقی کا راستہ ہے۔ صوبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں۔گوادر دنیا کی بہترین گہرے سمندر کی بندر گاہ ہے۔ گوادر بلوچستان کا نقشہ تبدیل کردے گا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ امن امان کے حوالے سے مجموعی طور پر پاکستان میں امن ہے۔ بلوچستان میں جغرافیہ کے حوالے سے امن وامان ایک بڑا چیلنج ہے۔ سرمایہ کارصرف امن وامان کو دیکھتا ہے۔ہم نے ساز گار ماحول پیدا کیا ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشیدنے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں پائیدار امن کے لیے ایک کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ہم نے تقریباً ایک لاکھ افغان شہر یوں کوافغانستان سے نکلنے میں مدد دی ۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر طالبان حکومت کی مدد کررہاہے۔ دنیا کو طالبان حکومت کو وقت دینا چاہیے۔افغانستان کے حالات چند دنوں میں تبدیل نہیں ہوسکتے۔ معاملات مذاکرات سے حل ہونے چاہئیں۔