میرپور خاص ، بینظیر بھٹو کی تصویر پر رنگ پھینکنے والے کو گرفتار کیا جائے، آفتاب جیلانی

197

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو دنیا ایک عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے ان کی تصویر پر رنگ پھینکنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، جس نے یہ حرکت کی ہے ہم پولیس کی مدد سے اس کے قریب پہنچ چکے ہیں، واقعے کا مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے تصویر کی بے حرمتی کرنے والے شخص کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی میر حسن دھونکائی اور سپاف سندھ کے نائب صدر دریا خان مری نے الگ الگ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی انفارمیشن سیکرٹری عبدالسلام میمن، شاہنواز مغل، نیاز بلوچ، امیر جان مری، حنیف میمن، عبدالجبار غوری، رمیش کمار مالہی، نیاز پٹھان، سپاف سندھ کے جنرل سیکرٹری لالا مراد خان، خلیق دل، مرتضی موبیجو، مبارک علی اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوسٹ آفس چوک پر لگے پینافلیکس بینر پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی تصویر پر کسی شرپسند نے رنگ پھینکا ہے جس سے ہمارے ڈویژنل صدر پیر آفتاب شاہ جیلانی، ضلعی صدر میر منور علی خان، ایم پی ایز ہری رام کشوری لال، سید ذوالفقار علی شاہ، نور احمد بھرگڑی سمیت تمام عہدیداروں اور کارکنوں کو بہت دکھ پہنچا ہے اور سب نے اس عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور سٹی کے صدر نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور ایف آئی آر درج کروائی ہے جبکہ ایس ایس پی اور علاقے کے ایس ایچ او نے ہمیں یقین دلوایا ہے کہ ایسی گری ہوئی حرکت کرنے والے ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اگر ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا تو ہم پریس کلب کے سامنے احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرپورخاص ایک پرامن شہر ہے اور اس شہر کی یہ روایت رہی ہے کہ اگر ایک جگہ کوئی سیاسی جماعت جلسہ کر رہی ہے تو دوسری جماعت اپنا جلسہ ملتوی کر دیتی ہے اس لیے ہم اس شہر کا امن تباہ نہیں کرنا چاہتے اور اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ملزم کو سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے پہچان کر فوری گرفتار کیا جائے اور اسے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔