بلاول سمیت اپوزیشن کےلئے ای وی ایم سیاسی موت ہے،شبلی فراز

413

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے کہا ہے کہ بلاول سمیت اپوزیشن کےلئے ای وی ایم سیاسی موت ہے، اب نکاح ہو چکا ہے، ہم نے دلہن الیکشن کمیشن کے حوالے کر دی ہے۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات نے کہا کہ بلاول سمیت اپوزیشن کےلئے ای وی ایم سیاسی موت ہے، اپوزیشن اس مشین کا بٹن دبانے کو بھی گناہ سمجھتے ہیں، اس میں انٹرنیٹ،وائی فائی اور نہ ہی بلیوٹوتھ کی ضرورت ہے۔

 شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن والے ای وی ایم کے قریب تک نہیں گئے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین الیکشن قوانین کے مطابق بنائی ہے، 2017سے2021تک الیکشن کمیشن نے صرف ایک تجربہ کیا، کس مشین کو رکھنا اس کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن مزید بہتری لانا چاہتے ہیں تو وہ کر سکتے ہیں، روزانہ2ہزار مشینیں یہاں تیار ہو سکتی ہیں، اسمبلی سے قانون پاس ہونے کے بعد اب الیکشن کمیشن کو اس پر کام کرنا ہوگا، ہم نئے دور کا راستہ نہیں روک سکتےہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ووٹ ڈالنا انتہائی آسان ہے،اسٹیٹس کو کا حامی طبقہ تبدیلی کے خلاف مزاحمت کرتا ہے۔