پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام وسائل پر سب سے پہلا حق پاکستانی بچوں کا ہے، افسوس، بچوں کی تعلیم، صحت اور حقوق کے حوالے سے ریاست و معاشرہ اپنی ذمہ داریوں سے بہت دور کھڑے ہیں۔
ہفتہ کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بچوں کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ملک کا سب سے بیش بہا سرمایہ ہمارے بچے ہیں، پرامن و پرسکون مستقبل کا انحصار اس پر ہے کہ بچوں کو ہر قسم کی انتہا پسندی اور امتیاز سے پاک ماحول فراہم کیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ بچوں کو بقائے باہمی پر قائم ماحول میں پھلنے پھولنے دیا جائے،
انہوں نے کہا کہ اسکول نہ جانے والے بچوں کے حوالے سے دنیا میں ہمارا ملک دوسرے نمبر پر ہے، نومولود بچوں کے لئے صحت کی سہولیات کا فقدان، غذائی قلت اور گھروں یا اسکولوں میں جسمانی سزا مسئلہ ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بچوں سے مشقت لینا، بے گھر بچوں کا مسئلہ اور اس طرح کے دیگر کئی مسائل ہیں، بچوں کے حوالے سے ان مسائل کا اب جنگی بنیادوں پر حل نکالنا ناگزیر بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت نے نمایاں قانون سازی کی ہے، سندھ میں ثانوی سطح تک تعلیم مفت ہے ،وقت آگیا ہے کہ مسقبل کے معماروں کے باب میں ریاست اپنی پوری ذمہ داری اٹھائے اور اس معاملے میں کسوٹی اب الفاظ نہیں، عملی اقدام ہوں گے،پیپلز پارٹی پاکستانی بچوں کے حقوق اور روشن مستقبل کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی اور ہم یہ جدوجہد اسی طرح کریں گے، جیسے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کی تھی۔