ـ70سالہ کھلاڑی کا وقت ختم ،نوجوانوں کا شروع ہوگیا،بلاول زرداری 

254

نوشہرہ،اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ اس ملک میں سلیکٹرز کے کاندھوں پرسوار ہوکر تبدیلی نہیں بلکہ تباہی لائی گئی لیکن اب ستر سالہ کھلاڑی کا وقت ختم اور نوجوانوں کا وقت شروع ہوگیا ہے۔نوشہرہ میں وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھتیجوں احد خٹک اور عبدالرحمن خٹک کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے جس نے آمروں کا مقابلہ کیا اور پیپلزپارٹی ہی ملک کے غریبوں کی جماعت اور آواز بن کر ابھری ہے۔چیئرمین بلاول نے وزیر اعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ستر سالہ کھلاڑی کا وقت ختم اور نوجوانوں کا وقت شروع ہوگیا ہے، اس ملک میں سلیکٹرز کے کاندھوں پر سوار ہوکر تبدیلی نہیں بلکہ تباہی لائی گئی لیکن ہم کپتان کو اس کے گھر میں گھس کر سیاسی شکست دیں گے اور ملک میں عوامی راج قائم کریں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ صرف سلیکٹرز کی خدمت کرتے ہیں عوام کے مسائل حل نہیں کرتے۔ ہم بھٹو کے منشور پرعمل کرکے مسائل حل کر سکتے ہیں، ہمیں حکومت بنانے کا موقع دیا جائے۔وزیراعظم جھوٹا ہے جس نے روزگار دینے کی بجائے روزگار چھین لیا ہے، حکومت ہر ادارے پر حملہ کر رہی ہے، روزگار چھینا جا رہا ہے اور نوجوان ڈگریاں اٹھائے دھکے کھا رہے ہیں۔بلاول نے خیبر پختونخواہ میں حکومت کی ناقص کارکردگی کا زکر کرتے ہوئے کہا کہ اس صوبے میں پی ٹی آئی 8 سالوں سے حکومت میں ہے کیا تبدیلی آئی ہے۔ خان صاحب صرف یوٹرن لے رہے ہیں۔ نوشہرہ اور صوبے کے عوام پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں تو ہم ان کے مسائل حل کریں گے۔ علاوہ ازیںپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ کرتاپور کو ویزا فری راہداری بنانے کی سب سے پہلے تجویز شہید محترمہ نے دی تھی۔بابا گرونانک کے 552 ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں بلاول زرداری نے کہا کہ دنیا بھر میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے نہیں تھی۔ انہوں نے سکھ برادری کو گرونانک کے یوم پیدائش کی مبارکباد دی اور گرونانک کے یوم پیدائش پر دنیا بھر سے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا۔بلاول نے مزید کہا کہ پاکستان سکھ یاتریوں کا دوسرا گھر ہے۔گرونانک نے بھائی چارے اور انسانیت دوستی کا پیغام دیا۔