عمران نیازی کی بادشاہت قائم نہیں ہونے دینگے،شہباز شریف

270

اسلام آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میںاپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے حکومت کی حالیہ قانون سازی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فرمان عمران نیازی مسترد کرتے ہیں، عوام پر مہنگائی کی بمباری کرنے والی حکومت نے پارلیمنٹ پر خود کش حملہ کیا ہے،حکومت کی آئین دشمنی کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر چیلنج کریں گے ،عمران نیازی کی پاکستان میں بادشاہت قائم نہیں ہونے دیں گے،الیکشن کمیشن کا بیان حکومتی قانون سازی اور ای وی ایم کے غلط ہونے کا ثبوت ہے۔ جمعہ کو شہبازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ(ن)کے پارلیمانی ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں اپوزیشن چیمبر میں ہوا، جس میں مشترکہ اجلاس میں حکومت کی قانون سازی بلڈوز کرنے کے معاملے پر غور کیا گیا اور متحدہ اپوزیشن کی جانب سے حکومتی قانون سازی عدالت میں چیلنج کرنے پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متحدہ اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومت کی فسطائیت اور آئین دشمنی کو چیلنج کرے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا کہ آئین حکومتی قانون سازی کو قانونی نہیں مانتا، فرمانِ عمران نیازی مسترد کرتے ہیں، موجودہ حکومت عوام کے سامنے رسوا ہوچکی ہے، اب آئین پر حملہ آور ہے، عوام پر مہنگائی کی بمباری کرنے والی حکومت نے پارلیمنٹ پر خود کش حملہ کیا ہے، ظالم ، عوام دشمن اور قانون شکن حکومت کا ساتھ دینے والے عوام کے مجرم ہیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا بیان حکومتی قانون سازی ، ای وی ایم کے غلط ہونے کا ثبوت ہے۔ ایل پی جی، آٹا، چینی، دوا، بجلی گیس عوام کی پہنچ سے باہر ہیں، جو حکومت ایک کلو آٹا، چینی اور سلنڈر سستا نہیں کرسکتی وہ نیا گھر دینے کی بات کرکے غریبوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے، اپوزیشن کے اتحاد اور جذبے کو سراہتا ہوں، اپوزیشن کی جدوجہد رنگ لائے گی، آئین اور عوام کو ریلیف دلائے گی۔