نیب زرداری کی بریت کی درخواست پر جواب جمع نہ کراسکا

222

اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر دو کے جج محمد اعظم خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری، ڈاکٹر فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کے خلاف میگا منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت6 دسمبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپورکی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواستیں منظور کرلیں‘ جبکہ نیب آصف زرداری کی بریت کی درخواست پر جواب جمع نہ کراسکا۔ احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ نیب کب تک ان درخواستوں پر
جواب جمع کروائے گا۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر وسیم جاوید کا کہنا تھا کہ ابھی تک نیب ہیڈکوارٹرز سے جواب نہیں آیا اور جیسے ہی جواب آئے گا عدالت میں جمع کروادیں گے۔ عدالت نے جواب جمع کروانے کے لئے نیب کو مزید وقت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کردی جبکہ عدالت نے آصف علی زرداری، فریال تالپور کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواستیں بھی منظور کر لیں۔