چین اور امریکا صحافیوں پر پابندیاں نرم کرنے پر متفق

230

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ چین میں امریکی صحافیوں کے لیے حالات کار بہتر بنانے کے لیے دو طرفہ بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے۔ واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان کے مطابق بیجنگ حکومت نے امریکی صحافیوں کے ایک گروپ کو اس شرط پر ویزے جاری کرنے کا وعدہ کیا ہے کہ یہ رپورٹر تمام قواعد و ضوابط کی پابندی کریں گے۔ چین نے امریکی صحافیوں کے لیے ویزوں کی میعاد بڑھا کر ایک سال کر دینے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ اس کے علاوہ چین میں پہلے سے موجود امریکی صحافیوں کو آزادانہ طور پر ملک میں داخل ہونے اور وہاں سے رخصتی کی اجازت دے دی جائے گی۔ دوسری جانب رواں ہفتے امریکی صدر جو بائیڈن اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ساڑھے 3 گھنٹے طویل ورچوئل ملاقات پر مبصرین کی جانب سے خیال آ رائی کا سلسلہ جاری ہے۔ بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور چین کے تعلقات اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ دونوں ہی کے درمیان کافی کشیدگی ہے اور اس بات کی خدشات پائے جاتے تھے کہ کہیں حالات قابو سے باہر ہو کر کوئی خطرناک رخ نہ اختیار کر لیں، خاص طور پر تائیوان کے مسئلے پر بات بہت آگے نہ بڑھ جائے۔