چند ووٹوں کی اکثریت سے حکومت نے پورا نظام بلڈوز کردیا، سراج الحق

654

لاہور:  امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ چند ووٹوں کی اکثریت سے حکومت نے پورا نظام بلڈوز کردیا، پی ٹی آئی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا سہارا آئندہ الیکشن میں شکست سے بچنے کے لیے لیا۔

منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے جتنے قوانین پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے پاس کروائے وہ عوامی مفادات کی بجائے حکمرانوں کے ذاتی مفادات کے گرد گھومتے ہیں، حکومت نے مشاورت کے جمہوری طریقہ سے ہمیشہ راہ فرار اختیار کی  ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ایوان کی کارروائی جعلی ہے ،جو حکمران پارلیمنٹ میں چندسو کی گنتی کو یقینی نہیں بناسکے وہ ملک بھر میں شفاف الیکشن کے دعوے دار ہیں، وزیراعظم وہی کام ڈھٹائی سے کررہے ہیں جن کے خلاف و ہ ماضی میں شور مچاتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جبر اور زور کے ذریعے کیے گئے فیصلے برقرار نہیں رہ سکتے، حکومت پہلے ہی آئی سی یو میں ہے ،موجودہ حکمرانوں کا انجام بھی ماضی کے حکمرانوں سے مختلف نہیں ہوگا۔ایوان اقتدار میں بیٹھے لوگ جان لیں ظلم اور ناانصافی کاانجام بھیانک ہے ۔

امیر جما عت اسلامی کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم وعدہ پورا کریں اور طلبا یونین پر پابندی اٹھائیں، جی ڈی پی کا پانچ فیصد تعلیم پر لگایا جائے۔ قومیں ایٹم بم اور اسلحہ کی بنیاد پر نہیں تعلیم کی بنیاد پر ترقی کرتی ہیں۔ حکمرانوں نے غریب سے نوالہ اور طالب علم سے قلم اور کتاب چھین لی۔