نواز شریف کا چوہدری شجاعت کے بیٹے کو فون ،حمزہ کی پرویز الہیٰ سے ملاقات

191

لاہور (نمائندہ جسارت) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ(ن)کے قائد میاں نوازشریف نے چودھری سالک حسین سے فون پررابطہ کرکے ان کے والد چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔اس حوالے سے نواز شریف کا کہنا تھاکہ چودھری شجاعت حسین وضع داری کی علامت ہیں۔اس سے قبل مریم نوازنے بھی چودھری سالک حسین کو ٹیلی فون کرکے ان کے والد چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی، مریم نوازنے کہا کہ ہم سب ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی عیادت کے لیے اسپتال جا پہنچے۔ حمزہ شہباز کی اسپتال آمد کے موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی بھی موجود تھے۔اس دوران حمزہ نے چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے چودھری سالک سے بھی گفتگو کی۔چودھری پرویز الٰہی نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ آپ کی فیملی سے ہمارا احترام کا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ چودھری شجاعت کی صحت یابی کے لیے ہم دعا گو ہیں۔چودھری سالک حسین سے حمزہ شہباز نے چودھری شجاعت حسین کی طبیعت کے متعلق تفصیل سے دریافت کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے بھی چودھری سالک کو فون کرکے چودھری شجاعت کی خیریت دریافت کی تھی۔علاوہ ازیںسابق صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے بھی چودھری سالک حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔