نوابشاہ (نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عامر حسین پہنورکی زیر صدارت ضلع میں مختلف محکموں کی جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ اجلاس دربارہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایکسیئن ہائی وے ڈویژن سید سکندر شاہ، ایکسیئن پبلک ہیلتھ شمس الدین شیخ اور ایکسیئن بلڈنگ ڈویژن عبدالرشید شیخ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر حسین پہنور نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت پر مکمل اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی کاموں کا مقصد عوام کے فلاح و بہبود سے منسلک ہے اس لیے ترقیاتی کاموں میں معیاری میٹریل استعمال کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ جاری ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کرونگا ،اچھامیٹریل استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔اس موقع پر اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے محکمہ پبلک ہیلتھ کے ایکسین شمس الدین نے بتایا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ کی ضلع میں 355 ملین لاگت کی 15 اسکیمیں جاری ہیں جس میں ایک فراہمی آب اور باقی نکاسی آب کی اسکیمیں شامل ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ ان اسکیموں پر اس وقت تک 230 ملین خرچ ہوچکے ہیں اور65 فیصدکام مکمل ہوچکا ہے۔