اسلام آباد (اے پی پی) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی امریکا میں پراپرٹی کیس میں عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے نیب کو جواب طلبی کا نوٹس جاری کر کے سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر دی۔منگل کو سماعت کے موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری عدالت میں پیش ہوئے ۔آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک ،ارشد تبریز اور بیرسٹر شیراز عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔ احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کر تے ہوئے 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی
کے خلاف دائر ایل این جی ریفرنس کی سماعت 23ستمبر تک ملتوی کر دی ۔منگل کو سماعت کے موقع پر شاہد خاقان عباسی احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفراللہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ ایل این جی بند تھی اور پارلیمان نے ایک بھی آبزرویشن نہیں دی، آج تک ہم پر الزام ہے کہ جو پیسے پڑے تھے ہم نے نہیں لگائے،ایل این جی معاہدہ کسی فرد واحد نے نہیں بلکہ کابینہ اور ای سی سی نے کیا۔عدالت نے ایل این جی ریفرنس کیس کی سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر دی۔