ٹھٹھہ ،کوہستانی کے رہائشیوں کا روزگار نہ ملنے کیخلاف احتجاج

248

ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت)ٹھٹھہ کے کوہستانی علاقے میں قائم مختلف ونڈ پاور پروجیکٹس کی انتظامیہ کی جانب سے مقامی لوگوں کو روزگار سمیت بنیادی سہولیات نہ ملنے کے خلاف محنت کشوں کا بچوں سمیت مقامی لوگوں کا ونڈ پاور پروجیکٹ کمپنی کے مین گیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا۔ ٹھٹھہ کے کوہستانی علاقے میں قائم مختلف ونڈ پاور پروجیکٹ پلانٹس اور پیرانو مکان میں قائم ٹراٹکوم ونڈ پاور پروجیکٹ کی انتظامیہ کی جانب سے مختلف ٹاورز پر مقرر 50 مقامی مزدوروں کو گزشتہ تین مہینوں سے تنخواہیں نہ ملنے 25 مزدوروں کو بلاجواز برطرف کیے کرنے سمیت گائوں محمد صدیق خاصخیلی میں قائم پرائمری اسکول میں مقرر استاد کو تنخواہ نہ دیے جانے اور تعلیم تباہ ہونے کے خلاف کمپنی کے مین گیٹ پر ایک احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا ۔مظاہرین نے نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر عبدالغفار خاصخیلی،پپو بروہی محمد عالم بروہی اور دیگر نے کہا کہ پوری کوہستانی پٹی میں قائم مختلف ونڈ پروجیکٹ پاور کمپنیز میں مقامی لوگوں کو روزگار سمیت بنیادی سہولیات سے محروم کرکے ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانکوم ونڈ پروجیکٹ ہمارے گائوں کے پاس لگا ہوا ہے جس میں 50 مقامی لوگوں کو روزگار سے لگایا گیا جن کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں نہیں دی جارہی ہیں جس کی وجہ سے ان کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی پر آگئی ہے اوپر سے 25 مزدوروں کو بیروزگار کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ونڈ پاور کمپنی کی انتظامیہ نے گوٹھ عبدالغفار خاصخیلی میں قائم پرائمری اسکول میں ایک استاد بھی مقرر کیا ہے جس کو 14 ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئیں جن کے بچے بھی بھوکے مررہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ونڈ پاور پلانٹس و کمپنیز سے برطرف کیے گئے مزدوروں کو نوکری پر بحال کیا جائے مزدوروں اور استاد کی تنخواہیں دی جائیں تعلیم کا جو نقصان ہورہا ہے اسے پورا کیا جائے ورنہ مطالبات پورے نہ ہونے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔