زرداری کےخلاف ریفرنسز میں نیب کو دلائل دینے کیلیے آخری موقع

215

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامرفاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف ارسس ٹریکٹر اور اے آر وائی گولڈ ریفرنسز میں بریت کے خلاف نیب کو اپنی ہی اپیلوں پر دلائل دینے کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے کہاہے کہ اگر نیب نے آئندہ سماعت پر دلائل نہ دیے تو موجود ریکارڈ پر فیصلہ کر دیں گے۔دوران سماعت نیب کی اپنی ہی اپیل پر دلائل دینے کے لیے مزید وقت کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں التوا چاہیے، آئندہ سماعت پر دلائل دیں گے۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ یہ 2014ءکی اپیلیں ہیں، آپ کو اور کتنا وقت چاہیے،جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ2 نئے ترمیمی آرڈیننس آ گئے ہیں اور متعلقہ پراسیکیوٹر دلائل دیں گے۔جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ اِن اپیلوں کا نیب ترمیمی آرڈیننس سے کیا تعلق ہے۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ خود دیکھ لیں کہ نیب کتنی بار التوا مانگ چکا ہے، چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ اس اپیل پر نیب کی طرف سے کون دلائل دے گا، نیب پراسیکیوٹر نے بتایاکہ جہانزیب بھروانہ صاحب اپیلوں پر دلائل دیں گے۔چیف جسٹس نے کہاکہ جہانزیب بھروانہ صاحب کو ہم آخری موقع دے دیتے ہیں،بصورت دیگر ہم اپیل پر فیصلہ کر دیتے ہیں۔چیف جسٹس نے کہاکہ2 ہفتوں کا وقت دے رہے ہیں، نیب کے پاس آخری موقع ہے۔عدالت نے زرداری کے خلاف نیب اپیلوں پر سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی۔