اسلام آباد بلدیاتی انتخابات: وفاق کو 10 دن میں نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم

377

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے وفاق کو 10 دن میں نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ جاری کردیا۔

 واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات سے متعلق ڈیٹا، ضروری دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نوٹیفکیشن نہ آنے کی صورت میں الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں شروع کردے گا۔

دوسری جانب سندھ میں بھی بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن نے فیصلہ جاری کیا ہے،الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت سے دو ہفتے میں قانون سازی اور ضروری تفصیلات طلب کرلیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اس دوران متعلقہ حکام حلقہ بندیاں بھی چیک کرے گا، بصورت دیگر یکم دسمبر 2021 سے موجودہ قوانین پر حلقہ بندی کا آغاز ہوگا۔الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ بندی کی تکمیل کے بعد فوری الیکشن شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔