تمیم اقبال انگوٹھے کی انجری کے باعث پاکستان کےخلاف ٹیسٹ سیریز سے آؤٹ

204

بنگلہ دیش کے بلے باز تمیم اقبال انگوٹھے کی انجری کے باعث پاکستان کے دو ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز سے باہر ہوگئے۔کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ایکسرے رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ تمیم اقبال کو بائیں انگوٹھے میں فریکچر ہوا تھا، وہ گزشتہ ماہ کٹھمنڈو میں فرنچائز ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران زخمی ہوئے تھے۔تمیم اقبال نے کہا کہ ’فریکچر تقریباً ٹھیک ہوگیا تھا لیکن میرے انگوٹھے میں سوزش برقرار رہی اس لیے ہم نے ایک اور ایکسرے کرایا جس میں انکشاف ہوا کہ انگوٹھے میں فریکچر ہے‘۔انہوں نے کہا کہ ’ممکنہ طور پر دو فریکچر تھے لیکن پہلے اسکین میں یہ سامنے نہیں آیا تھا، میں انگوٹھا نہیں ہلا سکتا اور اب پورا عمل دوبارہ شروع ہوگا‘۔ تمیم اقبال گھٹنے کی انجری سے صحت یاب ہونے کی وجہ سے کھیل کے وقت کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے رواں سال کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے تھے۔بنگلہ دیش کو، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کے گروپ مرحلے سے باہر ہوگئی تھی، ڈھاکا میں جمعہ سے پاکستان کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان 26 نومبر سے چٹا گرام میں پہلا ٹیسٹ میچ اور 4 دسمبر سے ڈھاکا میں دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جانا ہے۔