چینی صوبہ انہوئی کی جنوری تا اکتوبر غیر ملکی تجارت میں مستحکم اضافہ

193

چین کے مشرقی صوبہ انہوئی کی2021 کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران غیر ملکی تجارت کا حجم 5 کھرب 61 ارب 60 کروڑ یوآن(تقریبا 88 ارب امریکی ڈالر)سے تجاوز کر گیا ہے جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 26.6 فیصد زیادہ ہے۔ مقامی کسٹمز کے مطابق برآمدات 3 کھرب 28 ارب 50 کروڑ یوآن اور درآمدات 2 کھرب 33 ارب 10 کروڑ یوآن سے تجاوز کر گئی ہیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں بالترتیب 27 فیصد اور 26.1 فیصد زیادہ ہیں۔ پہلے 10 ماہ کے دوران انہوئی کی غیر ملکی تجارت کا حجم پورے سال 2020 سے تجاوز کر گیا ہے جو 5 کھرب 40 ارب 60 کروڑ یوآن تھا۔جنوری سے اکتوبر تک امریکہ، یورپی یونین اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم انہوئی کے سب سے بڑے شراکت دار رہے ہیں جن کا تجارتی حجم بالترتیب 74 ارب 30 کروڑ یوآن، 72 ارب 20 کروڑ یوآن اور 62 ارب 10 کروڑ یوآن تک پہنچ گیا ہے۔ صوبے کی بیلٹ اینڈ روڈ سے منسلک ممالک کے ساتھ تجارت میں گزشتہ سال کی نسبت 35 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔اس عرصہ کے دوران صوبے کی غیر ملکی تجارت میں نجی کاروباری اداروں کا حصہ 50.2 فیصد تھا۔ مکینیکل اور الیکٹریکل مصنوعات، ایل سی ڈی سکرینز، اور آٹو موبائل صوبے کی اہم برآمدات رہی ہیں۔