نیشنل یوتھ ایوارڈ کی تقریب 20نومبرکو اسلام آباد میں ہو گی

369

منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا ہے کہ باصلاحیت نوجوانوں کو ایوارڈ دینے کی یادگار ”نیشنل یوتھ ایوارڈ“ تقریب 19,20نومبر2021ءکو جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہوگی، تقریب میں مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والے نوجوانوں کی صلاحیتوں کے اعتراف کے طور پر انہیں ایوارڈ دیے جائیں گے،

ملک بھر سے ٹیلنٹ کی تلاش کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو قومی سطح پر متعارف کروانے کے لئے منہاج یوتھ لیگ نے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک المیہ ہے کہ ہم اپنے باصلاحیت نوجوانوں کو اس وقت تک نظر انداز کرتے رہتے ہیں جب تک بیرونی دنیا ان کی صلاحیتوں کا اعتراف نہیں کرتی اور انہیں کوئی ایوارڈ نہیں دیتی ہمیں اغیار کی تصدیق سے قبل اپنے ٹیلنٹ کو عزت اور شناخت دینا ہو گی۔

مظہر محمود علوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو باصلاحیت یوتھ کے خزانے سے نوازا ہے ہمیں اپنے ٹیلنٹ کی قدر کرنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ ٹیلنٹ ایوارڈ میں ملک کی نامور شخصیات، شریک ہوں گی اور یہ تقریب نوجوانوں کی خدمات کے اعتراف کے کلچر کو پروان چڑھانے کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہوگی۔