سی ڈی اے کی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں،متعدد غیر قانونی تعمیرات مسمار

245

سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، متعدد غیر قانونی تعمیرات مسمار۔

تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے پیر کے روز تجاوزات کے خلاف بھر پور کارروائیاں کی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے بری امام میں 2 کنال سرکاری اراضی پر نئی تعمیر ہونے والی 2 چار دیواریاں جبکہ 1 نئی دوکان مسمار کر دی گئی۔ اسی طرح سیکٹر G-7/4 نزد گول مارکیٹ سرکاری رہائش گاہ کے باہر اضافی تعمیرات کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا جسکے دوران سرکاری اراضی پر غیر قانونی بنائے گئے 2 باتھ رومز، 01 کچن، 01 دیوار اور 1 داخلی دروازہ مسمار کر دیا گیا۔

بعدازاں لہتراڑ روڈ سے تجاوزات کے خاتمے سلسلے میں شروع کی گئی مہم کو جاری رکھتے ہوئے مذکورہ روڈ کے اطراف قائم تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ اس آپریشن کے نتیجے میں روڈ کے دونوں اطراف قائم تجاوزات کو ہٹائے ہوئے تجاوزات کنندگان کا 5 ٹرک سامان ضبط کر لیا۔ اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا کہ اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لئے سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا عملہ متحرک ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔