آئی ٹی کا شعبہ بڑی معاشی کامیابی سمیٹ رہا ہے،اسد عمر

212

پشاور (صباح نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں ایک بڑی کامیابی آئی ٹی کے شعبے میں نظر آرہی ہے جس کی برآمدات میں 47 فیصد اضافہ ہوا جبکہ آئی ٹی کی برآمدات اس سال 3 ارب ڈالر پر پہنچ جائے گی۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کبھی بھی کسی ایک سال میں اسٹارٹ اپس کو اتنا بین الاقوامی تعاون نہیں ملا جتنا پچھلے 6 ماہ کے اندر دیکھا گیا ہے‘ہمارے نوجوانوں کے تیار کردہ اسٹارٹ اپس کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے بلکہ کاروبار بہتر کرنے کے لیے ان کو پیسے بھی مل رہا ہیں جو خوش آئند بات ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کی فری لانسر کمیونٹی اس وقت دنیا کی پانچویں بڑی کمیونٹی بن گئی‘ موجودہ دور حکومت میں 23 لاکھ نوکریوں کا اضافہ ہو چکا ہے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ شہروں میں سب سے زیادہ تعمیرات کے شعبے میں روزگار ہوتا ہے، جس کے لیے وزیراعظم پیکیج لے کر آئے اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ سریے، سیمنٹ اور ہر چیز کی فروخت ریکارڈ میں نظر آرہی ہے‘ اس وقت مرکزی بینک میں بلند ترین سطح پر بیرونی ذخائر ہیں ۔ پی ڈی ایم اور اپوزیشن کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ کہانی ہر3 مہینے کے بعد شروع ہوتی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ حکومت بس ختم ہونے والی ہے‘ عمران خان جانے والے ہیں‘ پی ڈی ایم بھی موسمی بیماری ہے ، سردیوں میں جیسے بیماریاں آتی ہیں، ویسے ہی پی ڈی ایم آتی ہے، پی ڈی ایم کو ویکسین لگے گی تو پھر چلی جائے گی، فروری مارچ تک پی ڈی ایم کا قصہ ختم ہو جائے گا۔