اسلام آباد (اے پی پی+صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ چینی کی قیمت میں 43روپے تک کمی آگئی لیکن مجال ہے میڈیا پر یہ خبر بھی آجائے۔اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہہمارا میڈیا 24گھنٹے صرف سازشوں اور غیر مستحکم ہونے کی نوید پر ہی چلتا ہے،منفی میڈیا کا فیک نیوز کے ساتھ ربط ملک کے لیے انتہائی خطرناک ہے ،اس لیے نئے قوانین ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسابقتی کمیشن نے شوگر ملز پر 46ارب کا جرمانہ کیا ہے اور شوگر ملز والے حکم امتناعی لے کر بیٹھے ہیں، اب عدالتوں سے گزارش ہے کہ ان مقدمات پر جلد فیصلے کریں۔فواد چودھری کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات کیلئے آگے بڑھیں، انتخابی اصلاحات عمران خان یا تحریک انصاف کا ایجنڈا نہیں یہ ایک قومی ایجنڈا ہے، سیاسی نظام کی بہت بڑی کامیابی ہو گی اگر ایسا انتخابی نظام ترتیب دیا جائے جس کے تحت تمام قیادت انتخابی نتائج پر اعتماد کرے۔ انہوںنے مزید کہا کہ پی ڈی ایم سیاسی لاوارثوں کا ٹولہ ہے، اس کا کام عوام کو صرف دھوکا دینا ہے،پی ڈی ایم اور مولانا فضل الرحمن پے درپے ناکامیوں کے بعد اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں،لانگ مارچ ہو، شارٹ مارچ یا کوئیک مارچ، ہمیں ان مارچوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔