نمائشی کرکٹ میچ میں پاکستان قونصلیٹ جدہ کی مسلسل دوسری کامیابی

163

نمائشی میچوں کی سیریز میں پاکستان قونصلیٹ جدہ اور پاکبان و پاکستان جرنلسٹ فورم (پی جے ایف) کی مشترکہ ٹیموں کے درمیان حاجی عثمان عبد الحمید کمپنی کے تعاون سے کھیلا جانے والا دوستانہ نمائشی کرکٹ میچ پاکستان قونصلیٹ جدہ نے قونصل جنرل خالد مجید کی قیادت میں 9 وکٹوں سے جیت کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا۔ پی جے ایف و پاکبان کی مشترکہ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 73 رنزبنائے۔ جواب میں پاکستان قونصلیٹ نے ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف مکمل کرلیا۔ فاتح ٹیم کی طرف سے سبکدوش ہونے والے کمیونٹی ویلفیئر قونصلرماجد حسین میمن نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آخر میں مہمان خصوصی حاجی عثمان اور قونصل جنرل خالد مجید نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں منتظمین اور اووسیز میڈیا فورم کے صدر شعیب الطاف کا ایونٹ کی کوریج پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مستقبل میں بھی کمیونٹی کے درمیان ہم آہنگی، اخوت اور انٹرٹینمنٹ کے لیے مزید ایسے دوستانہ میچوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
آخر میں حاجی عبدالحمید کی طرف تمام سے مہمانوں اور کھلاڑیوں کے لیے پر تکلف عشایئے کا اہتمام کیا گیا۔ پی جے ایف کی طرف سے امیرمحمد خان اور پاکبان کی طرف سے محمد یحییٰ اشفاق ٹیم کی قیادت کررہے تھے۔