دبئی(آئی این پی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے پاک بھارت کرکٹ بحالی میں کردار ادا کرنے سے انکار کردیا۔ایک انٹرویو میں قائم مقام چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس سے جب پوچھا گیا کہ کیا گورننگ کونسل دونوں ممالک کی باہمی سیریز میں کردار ادا کرسکتی ہے تو ان کا جواب تھا کہ ہم باہمی کرکٹ میں ایسا نہیں کرسکتے، جب وہ ہمارے ٹورنامنٹس میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے ہیں تو ہم کافی لطف اندوز ہوتے ہیں، کسی بھی دوسری باہمی سیریز کی طرح یہ دونوں بورڈز پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ آپس میں کھیلنے کو تیار ہیں یا نہیں، ہمیں اس حوالے سے کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا دونوں ممالک ایسی طرح ٹیسٹ چیمپئن شپ میں الگ الگ کھیلتے رہیں گے تو انھوں نے کہا کہ اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچیں تو پھر نیوٹرل وینیو پر ایک دوسرے کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلیں گی۔اس پر سوال ہوا کہ کیا اسی طرح آئی سی سی ان کو اپنے محدود اوورز کے ٹورنامنٹس میں ایک ہی گروپ میں شامل کرتا رہے گا تاکہ ان کا باہمی میچ ہو، جواب میں ایلرڈائس نے کہا کہ اس کا انحصار دونوں کی کٹ آف ڈیٹ تک رینکنگ پر ہے، شروع میں دونوں اس ٹورنامنٹ کیلیے ایک گروپ میں نہیں تھے مگر کٹ آف ڈیٹ تک آگئے، اسی طرح مجھے نہیں معلوم کہ آئندہ برس آسٹریلیا میں وہ ایک گروپ میں ہوں گے یا نہیں۔