تائیوان چین کا حصہ ہے،علیحدہ حیثیت تسلیم نہیں،پاکستان

235

اسلام آباد (آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ تائیوان چین کا حصہ ہے ہم اس کی علیحدہ حیثیت کو تسلیم نہیں کرتے ہیں‘ افغانستان کے حوالے سے ٹرائیکا پلس اجلاس بڑی پیش رفت ہے‘ افغانستان کی مدد کے لیے دنیا کو مزید اقدامات کرنے ہوںگے‘جی ایس پلس کے حوالے سے پاکستان نے اقدامات کیے ہیں ۔ دفتر خارجہ میں میڈیا بریفنگ کے دوران عاصم افتخار نے کہا کہ قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا گزشتہ روز ٹرائیکا پلس کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا‘ اجلاس میں افغانستان کی مالی معاونت اور استحکام پر غور کیا گیا‘ افغان وفد کے ساتھ افغان مہاجرین کی واپسی، فضائی سروس اور بارڈر مینجمنٹ پر بات ہوئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی کے نمائندہ خصوصی یوسف الدوبے نے 5 روزہ دورہ کیا‘ ان کا یہ دورہ پاکستان کی کشمیر میں عالمی مبصرین کو کھلی اجازت کا عکاس ہے ‘وفد سول سوسائٹی سے ملا‘ متاثرین کو سنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں پر مظالم جاری ہیں‘جموں و کشمیر دنیا کا بڑا ملٹری زون بنا دیا گیا ہے‘ اکتوبر میں21 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ عاصم افتخار نے کہا کہ تائیوان چین کا حصہ ہے ہم اس کی علیحدہ حیثیت کو تسلیم نہیں کرتے ہیں‘ ہم ون چین ون تائیوان کو تسلیم نہیں کرتے ہیں۔