ایرانی ہیکرز نے حساس معلوما ت چرالیں ،امریکا

446

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی مرکزی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے حال ہی میں امریکی کمپنیوں کو ارسال کردہ ایک رپورٹ میں ایرانی ہیکرز سے خبردار کیا ہے۔ ان ہیکرز نے ڈارک ویب کی سائٹس میں حساس معلومات تلاش کیں، جو امریکی اور غیر ملکی تنظیموں سے چرائی گئی تھیں۔ یہ معلومات مستقبل میں ان تنظیموں میں دراندازی کی کوششوں میں مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔ امریکی چینل سی این این کے مطابق چند روز قبل جاری اس رپورٹ میں واضح کیا گیاہے کہ ایرانی ہیکرز نے ڈارک ویب کے فورموں پر بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ ان فورموں پر مختلف نوعیت کی معلومات افشا کی جاتی ہیں، مثلاً ای میلز اور پتے وغیرہ۔ امریکی ایف بی آئی نے تشویش ظاہر کی ہے کہ ایرانی ہیکرز کا گروپ ان معلومات کو مستقبل میں امریکی کمپنیوں کے نیٹ ورک میں دراندازی کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔ تاہم ایف بی آئی نے اس شرپسند سرگرمی کے پیچھے موجود ہیکرز کی شناخت واضح نہیں کی۔ اسی طرح ہیکرز کے ناموں کا تعین نہیں کیا۔ یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ آیا ان ہیکرز کو ایرانی حکومت کے ساتھ کوئی تعلق ہے یا نہیں۔ امریکی سیکورٹی کمپنی کراؤڈ اسٹرائک میں انٹیلی جنس سربراہ کے فرسٹ ڈپٹی ایڈم مائرز کے مطابق ایرانی حکومت کے ساتھ تعلق رکھنے والے ہیکرز کی جانب سے گزشتہ برسوں کے دوران میں سائبر جرائم کی سرگرمیوں کے ارتکاب میں اضافہ ہوا ہے۔ یاد رہے کہ امریکی انتظامیہ ماضی میں کئی بار اعلان کر چکی ہے کہ ایرانی ہیکرز نے انٹرنیٹ کے ذریعے مشکوک کارروائیاں انجام دیں۔ ان کاررائیوں کا مقصد امریکی کمپنیوں اور اداروں کو نشانہ بنانا تھا۔