عوام کے بعد پارلیمان نے بھی عمران نیازی پر عدم اعتماد کردیا،شہباز شریف

127

لاہور(نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن) کے صدروقائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی کے ستائے عوام کے عدم اعتماد کے بعد پارلیمان نے بھی عمران نیازی پر عدم اعتماد کر دیا ،حکومت کی اتحادی جماعتوں کا سیاہ قانون سازی کا حصہ بننے سے انکار جمہوریت کے لیے نیک شگون ہے۔ایک بیان میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اتحادیوں کے انکار اور تحفظات کے بعد حکومت نیب ترمیمی آرڈیننس، ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات سے متعلق سیاہ قوانین واپس لے،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھاگ جانا حکومت کے اکثریت کھو دینے کا ثبوت ہے جس طرح چوروں کی طرح پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا تھااسی طرح رات کی تاریکی میں اجلاس ملتوی کر دیاگیا۔انہوں نے کہا کہ رات کے
اندھیرے کی طرح اس حکومت کی نیت بھی کالی، ذہن اور دل عوام کے درد سے خالی ہے،پرائیویٹ ممبر بل پر 2 بار شکست کھانے کے بعد مشترکہ اجلاس کا التوا عمران نیازی کی اکثریت کھو دینے کی علامت ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام اور پارلیمنٹ کے عدم اعتماد کے بعد کرسی سے زبردستی چمٹے رہنے کے بجائے عمران نیازی مستعفی ہو کر قوم کو ریلیف دیں۔