اسلام آباد ( آن لائن)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کو ظالمانہ اقدام قرار دے دیا۔منگل کے روز اپنے ایک بیان میںمسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 52 پیسے مزید اضافے کو ظالم حکومت کا ایک اور ظالمانہ اقدام قرار دے دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جھوٹی حکومت کا ریلیف کا وعدہ جھوٹ تھا، بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ اس کا ثبوت ہے۔ اس حکومت نے قوم سے جھوٹ بولا تھا کہ ٹیکس فری بجٹ دیا ہے، یہ ہے اس حکومت کی حقیقت ،کہہ چکا ہوں کہ یہ حکومت چلے گی تو نہ معیشت چلے گی، نہ عوام کی جان بچے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کوگیس پر سبسڈی کا خاتمہ نئے معاشی بحران کا نکتہ آغاز ہے، صنعت نہ چلی تو روزگار کیسے ملے گا؟ گیس پر سبسڈی ختم کرنے سے بجلی مزید مہنگی، صنعتوں کا پہیہ مزید سست ہوجائے گا، یہ نظام نہیں چل سکتا۔