منافع خوری برداشت نہیں،وزیراعظم کا چینی کا تمام ذخیرہ مارکیٹ میں لانے کا حکم

269
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان پرائز کنٹرول سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلا م آباد(صباح نیوز+اے پی پی)وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔وزیر اعظم کی زیر صدارت اشیا کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا،جس میں چینی کے ذخائر اور قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اس وقت ملک میں وافر مقدار میں چینی موجود ہے مگر سندھ کی شوگر ملوں کی بندش کے فیصلے سے قیمتیں بڑھی ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ نے گندم بحران میں بھی وفاق اور باقی صوبوں کے فیصلوں سے اختلاف کیا جس کی وجہ سے ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں اشیا کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور چونکہ پاکستان درآمدی اشیا پر انحصار کرتا ہے اس لیے مقامی مارکیٹ پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں تاہم حکومت غریب طبقے پر بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوری کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور مہنگائی کے اثرات کا احساس رکھتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے صوبائی اور ضلعی حکومتیں فیلڈ میں نظر آئیں، احساس راشن، کامیاب پاکستان، کسان کارڈ، صحت کارڈ اور احساس پروگرام کی دیگر اسکیمیں غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جاری کی گئی ہیں، عوام کے سامنے حقائق اور اعداد و شمار پیش کیے جائیں اور موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس وقت موجود چینی کے مکمل اسٹاک کو مارکیٹ میں فروخت کے لیے لایا جائے اور15 نومبر سے پورے ملک میں گنے کی کرشنگ کا آغاز کیا جائے، کرشنگ قوانین پر سختی سے عملدرامد کو یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔وفاقی وزرا حماد اظہر، فواد چودھری، خسرو بختیا، فخر امام، فروغ نسیم، مشیر خزانہ شوکت ترین، مشیر داخلہ شہزاد اکبر، معاون خصوصی شہباز گل اور چیئرمین ایف بی آر نے اجلاس میں شرکت کی۔وڈیو لنک سے چیف سیکرٹری پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے سینئر افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی۔گزشتہ روز وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال سمیت مختلف انتظامی اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم کو کراچی کے رہائشیوں کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے گرین لائن منصوبے کے جلد افتتاح پر بھی بریفنگ دی گئی۔قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ نبی پاک ﷺ نے اپنے اعلیٰ ترین اخلاقی معیار کی بنیاد پر ریاست مدینہ کے اخلاقی معیار کو بلند کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے پہلے خود اخلاقی معیار کی اعلیٰ ترین مثال (صادق و امین) قائم کی اور پھر اسی بنیاد پر ریاست مدینہ کے اخلاقی معیار کو بلند کیا جو دنیا کی بہترین تہذیب بن گئی۔وزیراعظم نے رومن دانشور ’’ سکیپیو ‘‘ کا قول بھی نقل کیا جس میں اس نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ اخلاقیات کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا ۔