ڈسکہ انتخابات ،ڈی آر او اور ریٹرننگ افسر کی تنزلی ،پریذائیڈنگ افسران کیخلاف کارروائی کیلئے کمیٹی قائم

155

اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمیشن نے ڈسکہ الیکشن میں غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے الیکشن کمیشن کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ آفیسر کو او ایس ڈی بنا دیا ہے جبکہ کمیشن سمیت پریذائیڈنگ افسران کے خلاف کارروائی کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی ہے ۔الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں ممبران کمیشن نثار احمد درانی اور شاہ محمود جتوئی کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں این اے 75 سیالکوٹ ڈسکہ کے حوالے سے رپورٹ اور انکوائری کمیٹیوں کا جائزہ لیا گیا‘ اس موقع پر کمیشن کو بتایا گیا کہ ایک کمیٹی پولنگ کے دن ڈیوٹی میں غفلت اور امن وامان کی خراب صورتحال سے متعلق انکوائری کیلیے تشکیل دی گئی تھی جبکہ دوسری کمیٹی ایسے پریذائیڈنگ افسران اور سیکورٹی اسٹاف سے متعلق بنائی گئی تھی جو انتخابات کی رات کو غائب ہوئے اور اگلے روز تاخیر سے ریٹرننگ افسر کے دفتر میں آئے۔ کمیشن کو بتایا گیا کہ دونوں انکوائری رپورٹس الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ کمیشن نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسراور ریٹرننگ آفیسر کی انتظامی کوتاہی کو سامنے رکھتے ہوئے دونوں افسران کو اوایس ڈی بنا دیا تاکہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ان کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے سکے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں انکوائریوں میں ذمے دار قرار دیے جانے والے افسران و ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘ اس سلسلے میں ایک کمیٹی بنائی گئی جس میں اسپیشل سیکرٹری ، ڈی جی لا، ڈائریکٹر ایچ آر اور ڈی ڈی لا شامل ہوںگے جو کہ الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے۔ یہ کمیٹی سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں کام کرے گی۔ ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ذمے داران کے خلاف محکمانہ انضباطی کارروائی یا فوجداری یا دونوں کارروائیوں کا آغاز کرے گا۔