آئندہ انتخابات سے متعلق قانون سازی پر تمام جماعتیں متفق ہیں،شہباز شریف

131

اسلام آباد (آن لائن) پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سمیت تمام اپوزیشن نے حکومت کے خلاف مشترکہ احتجاج کا فیصلہ کیا ہے‘ تمام جماعتیں حکومت کو پارلیمان میں مل کر ٹف ٹائم دیں گی۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ان کے چیمبر میں منعقد ہوا جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری، رضا ربانی، شہری رحمان، اے این پی کے رہنما امیر حیدر ہوتی، جے یو آئی کے رہنما سعد محمود شریک ہوئے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس (منگل کو ) ہوگا‘ عوام کے مسائل چاہے مہنگائی ہو یا کچھ اور ہم سب ان پر یکسو ہیں‘ احتساب کے نام پر جو زیادتی ہو رہی ہے اس کے خلاف ہم سب پارلیمان میں اکٹھے ہیں‘چاہے کوئی بھی معاملہ ہو‘ وزیر اعظم کبھی آئے ہی نہیں‘ ان کا کردار انتہائی قابل مذمت ہے‘ عمران نیازی نیب آرڈیننس میں بار بار ترامیم لا کر خود کو اور اپنے لوگوں کو این آر او دینا چاہتے ہیں لیکن ہم ان کا راستہ روکیں گے‘ موجودہ حکومت تحریک لوٹ مار بن چکی ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ مہنگائی کے مسئلے پر تمام اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ اس موقع پر بلاول زرداری نے کہا کہ نالائق اور نااہل حکومت کو مل کر بھگائیں گے‘ جب سے پی ٹی آئی مسلط ہوئی ہے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور عوام پریشان ہیں، یہی اہم نقطہ ہے جس پر پوری اپوزیشن جمع ہوئی ہے‘ عوام کے مسائل کی خاطر چاہے وہ مہنگائی ہو یا ای وی ایم کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی کوشش یا سیاسی انتقام ہو، ہم اس کے خلاف پارلیمان کی حد تک متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر عوام کے مسائل کو اٹھائیں گے، حکومت کی ناکام پالیسیوں کو ایکسپوز کریں گے، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ دھاندلی اور حکومت کی سیاسی انتقام کی سازش کو ناکام بنائیں۔ جے یو آئی ف کے رہنما مولانا اسعد محمود نے کہا کہ عوام کے مسائل پر تمام اپوزیشن اکٹھی ہے‘ لوگ اعتماد رکھیں‘ ہم ان کے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔ اے این پی رہنما امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ پارلیمان کے اندر اپوزیشن زیادہ موثر نظر آئے گی، ای وی ایم کے ذریعے الیکشن کو چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس وقت سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی کا ہے۔