شعیب ملک نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف شارجہ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں سپر۔12 کے میچ میں طوفانی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے25 منٹس میں18 گیندوں پر ایک چوکے اور6 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر54 رنز بنائے۔ انہوں نے اننگ کی آخری گیند پر شاندار چھکا لگاکر اپنی نصف سنچری مکمل کی تھی جو ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں ہی نہیں ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں بھی پاکستان کے لئے سب سے تیز نصف سنچری تھی۔ اس میچ میں پاکستان نے72 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنبے والے شعیب ملک کی ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے33 میچوں کی30 اننگزمیں تیسری اور مجموعی طور پر121 میچوں کی109 اننگز میں 9ویںنصف سنچری تھی۔ان کا سب سے زیادہ اسکور75 رنز ہے جو انہوں نے انگلینڈ کے خلاف شارجہ میں30 نومبر2015 کو89 منٹس میں54 گیندوں پر8 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔یہ میچ ٹائی رہا تھا اور انگلینڈ نے سپر اوور میں جیت حاصل کی تھی۔
ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں شعیب ملک کی نصف سنچری مشترکہ طور پر تیسری سب سے تیز نصف سنچری ہے۔ عالمی کپ میں سب سے تیز نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ ہندوستان کے یوراج سنگھ کے پاس ہے جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف ڈربن میں19 ستمبر2007 کو ہوئے میچ میں اپنی58 رنز کی اننگ کے دوران نصف سنچری 12 گیندوں پر 3 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے مکمل کی تھی۔اس میچ میںہندوستان نے 18 رنز سے جیت حاصل کی تھی۔یہ ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں بھی سب سے تیز نصف سنچری اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مشترکہ طور پر سب سے تیز نصف سنچری بھی ہے۔
نیدر لینڈ کے اسٹیفن میبرگ نے آٗئیرلینڈ کے خلاف سلہٹ میں1 2 مارچ2014 کو ہوئے میچ میں اپنی63 رنز کی اننگ کے دوران نصف سنچری17 گیندوں پر3 چوکوں اور6 چھکوں کی مدد سے مکمل کی جو ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں دوسری سب سے تیز نصف سنچری ہے۔
ڈھاکا میں پاکستان کے خلاف 23 مارچ 2014 کو ہوئے میچ میں آسڑیلیا کے گلین میکسویل نے48 منٹ میں33 گیندوں پر 7 چوکوں اور6 چھکوں کی مدد سے74 رنز بنائے تھے۔ اس اننگ کے دوران انہوں نے اپنے50رنز 18 گیندوں پر 5 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے مکمل کئے تھے جو مشترکہ طور پر ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں تیسری سب سے تیز نصف سنچری ہے۔ اتنی تیز اننگ کے باوجود آسڑیلیا کو اس میچ میں16 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
ہندوستان کے لوکیش راہول نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف دبئی میں 5 نومبر2021 کو کھیلے گئے میچ میں34 منٹ میں19 گیندوں پر 6 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے 50رنز بنائے تھے۔ وہ ایک گیند قبل اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد آئوٹ ہوئے تھے۔اس میچ میں ہندوستان کو 8 وکٹوں سے جیت حاصل ہوئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں شعیب ملک سے پہلے سب سے تیزنصف سنچری بنانے کا ریکارڈ عمر اکمل کے پاس تھا جنہوں نے آسڑیلیا کے خلاف برمنگھم میں5 جولائی 2010 کو ہوئے میچ میں اپنی نصف سنچری21 گیندوں پر6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے مکمل کی تھی۔ اس میچ میں انہوں نے 43 منٹ میں31 گیندوں پر7 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے64 رنز بنائے تھے۔ پاکستان نے اس میچ میں23 رنز سے جیت حاصل کی تھی۔