کپل دیو بھی بھارتی کرکٹ ٹیم پر برس پڑے

436

نیو دہلی: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہونے پر سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے بھارتی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل دیو نے کہا کہ جب کھلاڑی ملک کے لیے کھیلنے پر انڈین پریمئر لیگ کو ترجیح دیتے ہیں تو ہم کیا کہہ سکتے ہیں، کھلاڑیوں کو اپنی قوم کے لیے کھیلنے پر فخر کرنا چاہیے۔

کپل دیو نے کہا کہ میں ان کے مالی حالات نہیں جانتا اس لیے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن مجھے لگتا ہے کہ سب سے پہلے ملک کی ٹیم اور پھر فرنچائزز ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ فرنچائز کے لیے کرکٹ نہ کھیلو لیکن ذمہ داری اب بی سی سی آئی پر ہے کہ وہ اپنی کرکٹ کو بہتر انداز میں پلان کرے، اس ٹورنامنٹ میں ہم نے جو غلطیاں کی ہیں اسے نہ دہرانا ہمارے لیے سب سے بڑا سبق ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ یہ مستقبل کو دیکھنے کا وقت ہے، آپ کو فورا منصوبہ بندی شروع کر دینی چاہیے، مجھے صرف یہ لگتا ہے کہ آئی پی ایل اور ورلڈ کپ کے درمیان کچھ فرق ہونا چاہیے تھا۔