قومی ہاکی سیریز ، سینئرز اور جونیئرز کا میچ 2-2 گول سے برابر

538
لاہور: قومی سینئر وجونیئرز ہاکی سیریز کے دوران پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر ودیگر میچ دیکھتے ہوئے ،چھوٹی تصویر میں کھلاڑی گول کرتے ہوئے

لاہور (نمائندہ خصوصیٍ)قومی سینئرز،جونیئرز ہاکی سیریزمیں پاکستان سینئرز اور جونیئرز کے مابین دوسرا میچ سنسنی خیز مقابلہ کے بعد 2-2 گول سے ڈراء ہوگیا، صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ ،ایسوسی ایٹ سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف ظاہر شاہ اور سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کرنل ر آصف ناز کھوکھر کے ہمراہ میچ دیکھا، قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام جونیئر عالمی کپ اور ایشین چیمپینز ٹرافی میں شرکت کرنے والی قومی سینئر و جونیئر ہاکی ٹیموں کی تشکیل اور تیاری کے لیے چار روزہ سیریز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ پاکستان سینئرز اور پاکستان جونیئرز کے مابین ایک سنسنی خیز مقابلہ کے بعد 2-2 گول سے ڈراء ہوگیا۔ پاکستان سینئرز کی جانب سے کھیل کے 13ویں منٹ میں احمد ندیم نے فیلڈ گول کرکے برتری حاصل کرلی جبکہ میچ کے 23ویں منٹ میں پاکستان سینئرز کے فل بیک مبشر علی نے پینلٹی کارنر پر ڈریگ فلک کے ذریعہ گول اسکور کرکے اس برتری کو مستحکم بنا دیا۔ پاکستان جونیئرز نے کھیل کے 32ویں منٹ میں کم بیک کرتے ہوئے عبدالحنان شاہد کی مدد سے فیلڈ گول اسکور کرکے ایک گول کا خسارہ کم کیا جبکہ کھیل کے 52ویں منٹ میں پاکستان جونیئرز کی جانب سے رانا عبدالوحید نے فیلڈ گول اسکور کرکے پاکستان سینئرز کی برتری کا خاتمہ کردیا اورمقررہ وقت تک میچ 2-2 گول سے ڈراء رہا۔قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کے اراکین اولمپین منظور جونیئر، اولمپین ناصر علی، اولمپین خالد حمید، اولمپین ایاز محمود اور اولمپین وسیم فیروز نے کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا بغور جائزہ لیا جبکہ اس میچ کو دیکھنے کے لئیصدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر رخالدسجاد کھوکھر، سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اولمپین آصف باجوہ، ایسوسی ایٹ سیکرٹری پی ایچ ایف سید محمد ظاہر شاہ، سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن لیفٹینٹ کرنل ر آصف ناز کھوکھر، اسٹاف آفیسر ٹو صدر پی ایچ ایف طارق میر بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔