مہنگائی کیخلاف سکھر کے عوام سڑکوں پر نکل آئے ،گھنٹہ گھر چوک تک ریلی

299

سکھر( نمائندہ جسارت) ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اشیاء خورونوش، پیٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس کی قیمتوںمیں ہوشربا اضافے کے خلاف سکھر کی عوام سڑکوں پر نکل آئے ،نوان گوٹھ میں بنے والی بچہ یونین کی جانب سے احتجاج کیا گیا، حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سکھر ڈیولپمنٹ الائنس کے زیر اہتمام چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں صرافہ بازار سے گھنٹہ گھر چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ٹائر نذر آتش کر کے مہنگائی، بیروزگاری کے خلاف شدید نعریبازی کی گئی، احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آج ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث غریب افراد دو وقت کی روٹی کے حصول کیلیے بھی پریشان نظر آرہے ہیں۔ مہنگائی ،بیروزگاری ، پیٹرولیم مصنوعات سمیت ادویات ، بجلی،گیس ، چینی ، آٹا ، کوکنگ آئل، گھی و دیگر اشیاء خور و نوش غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔ احتجاجی ریلی میں سیاسی، سماجی، مذہبی، قومپرست، تاجر تنظیموں کے رہنمائوں مفتی محمد چمن زمان قادری، غلام مصطفی پھلپوٹو، محمد رضوان قادری ودیگر سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث غریب کیلیے جینا عذاب ہو چکا ہے، آئے روز پیٹرولیم مصنوعات ، ادویات ، بجلی ، گیس ،اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کے باعث انسانی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے، موجودہ حکومت غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے، غریب اور متوسط طبقات دو وقت کی روٹی اور علاج معالجہ کیلیے شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔