پاک ایران چاول تبادلے کی تجارت کے معاہدے پر دستخط

230

اسلام آباد (نمائندہ جسارت + صباح نیوز) پاک ایران بارٹر ٹریڈ (Barter Trade) معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور ایران نے سرحدوں پر بازار تعمیر کرنے اور چاول کی بارٹر تجارت کے معاہدے پر اتفاق ہوا ہے، مشیر تجارت نے بتایا کہ ٹی آئی آر کے تحت پاکستانی ٹرکوں کی آمد و رفت اور کسٹمز تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا، ان اقدامات سے پاکستانی برآمدات، تجارت اور رابطوں میں اضافہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق معاہدے پر گزشتہ روز ایران کے شہر تہران میں پاک ایران جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کے نویں اجلاس کے اختتامی سیشن میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی اور زاہدان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالحکیم ریگی اور ایرانی مشیر تجارت نے بھی تجارتی معاہدے پر دستخط کیے۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ اگلے 3 مہینوں میں ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات میں مزید بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی اور سنیئر نائب صدر محمد ایوب مریانی کا کہنا تھا کہ جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کے نویں سیشن کے دوطرفہ کاروباری تعلقات پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے، صنعت و تجارت کے فروغ سے ہی ملک اور صوبے کی معیشت میں بہتری لائی جاسکتی ہے اوربے روزگاری کی عفریت پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بارٹر ٹریڈ معاہدہ سنگ میل ثابت ہو گا یہ دوطرفہ تجارتی اہداف کے حصول میں بھی معاون ثابت ہو گا۔