حکومت روزگار نہیں دے سکتی تو بیروز گار بھی نہ کرے ، سراج الحق

440
مردان: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

پشاور( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت مزدورکش پالیسیوں پر گامزن ہے۔ چترال سے کراچی تک عوام بے بسی اور بے چارگی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ حکومت مہنگائی اور بے روزگاری کے چابک عوام کی پیٹھ پر صبح، دوپہر اورشام برسا رہی ہے۔ حکومت روزگار نہیں دے سکتی تو برسرروزگار افراد کو بے روزگار نہ کرے۔کوئلہ کی قیمت میں انتہائی اضافہ بھٹہ خشت سے وابستہ مزدوروں کے ساتھ ظلم ہے، اس شعبے سے وابستہ لاکھوں مزدور اور محنت کش بے روزگار ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں بھٹہ خشت یونین کے صدر حامد فواد اور جان افضل کی وفد کے ساتھ حاجی نیاز محمد کے حجرے میں ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور عتیق الرحمن بھی موجود تھے۔بعدازاں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سابق ایم پی اے و نائب امیر ضلع پشاور جاوید خان مومند مرحوم کے اہل خانہ اور اہل علاقہ سے فاتحہ خوانی و تعزیت کی۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی بھٹہ خشت یونین کی 15نومبر سے ہڑتال کی مکمل حمایت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ کوئلہ کی بے انتہا قیمت میں اضافہ واپس لے اور بھٹہ خشت سے وابستہ لاکھوں مزدوروں کے گھروں کا چولھا ٹھنڈانہ کرے اور بچوں کو فاقوں سے نہ مارے۔ مزیدبرآں امیر جماعت نے چکوال موڑ پر تبلیغی جماعت کی گاڑی کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت، لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔