مہنگائی کے معاملے پر حکومتی بیانیہ2022کا ایڈوانس لطیفہ ہے،احسن اقبال

305

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ مہنگائی کے معاملے پر حکومتی بیانیہ 2022 کا ایڈوانس لطیفہ ہے ،ڈسکہ الیکشن میں پی ٹی آئی حکومت نے سرکاری سطح پر منظم انداز میں دھاندلی کی ہے ،پاکستان کو سستا ترین ملک قرار دینا عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایم این اے محمد خان ڈاہا،ایم این اے چوہدری افتخار نذیر،ایم پی اے حاجی عطاءالرحمن،عبدالرحمان کانجو سمیت دیگر قائدین بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ دسکہ کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی حکومت نے منظم انداز میں سرکاری طور پر دھاندلی کی ہے اس بات سے ثابت ہو چکا ہے کہ پی ٹی آئی دھاندلی کی پیداوار ہے اور یہ انتخابات کو دھاندلی سے ہی جیتتی ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت الیکٹرونک ووٹنگ مشین اور انتخابی اصلاحات کے پیکج کے عمل کو بلڈوز کررہی ہے جس کا مقصد بھی آئندہ انتخابات کو چرانا ہے لیکن اب وہ ایسا نہیں کرسکے کی پاکستان کی تمام اپوزیشن جماعتیںمتحد ہو چکی ہے کہ ہم نے آئندہ الیکشن میں کسی کو دھاندلی نہیں کرنے دینی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے معاملے پر حکومتی بیانیہ ایک لطیفہ ہے مہنگائی کا معاملہ عالمہ منڈی نہیں بلکہ کرنسی کے ڈی ویلیو ہونے سے ہے ،حکومت نے پہلے کہا تھا کہ ہمیں معاملات سدھارنے کیلئے سو دن دیے جائیں ،پھر ایک سال کا بہانہ کیا گیا اور اب کہا گیا کہ پانچ سال بعد جواب دہ ہوں گے ،حکومت کی جانب سے ملک کو دنیا کا سستا ترین ملک قرار دینا دراصل مہنگائی کے ہاتھوں بے بس عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو جلد از جلد گھر بھیجنا ہوگااگر یہ حکومت قائم رہی تو نقصان پوری قوم کا ہوگا ۔