شہباز شریف کا بلاول فضل الرحمن کو فون ،بدترین مہنگائی پر بھرپور ردعمل پر اتفاق

175

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے قومی رہنماؤں سے ٹیلی فون پر رابطے کیے ہیں جس میں بدترین مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور ردعمل اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ۔ قائد حزبِ اختلاف نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین سردار اختر جان مینگل، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ایمل ولی خان، انس نورانی اور نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر مالک بلوچ کو بھی ٹیلی فون کیا اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی مشترکہ حکمت عملی اور نیب ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے مشاورت کی ۔ قائدین نے بدترین مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور ردعمل دینے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی اتفاق کیا۔ قائدین نے اتفاق کیا کہ عوام مہنگائی اور اس حکومت کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں‘ موجودہ حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں‘ یہ حکومت رہی تو عوام اور معیشت زندہ نہیں رہے گی۔ قائدین میں نیب کے کالے قانون کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر چیلنج کرنے کی حکمت عملی پر مشاورت کی ۔ قائدین نے اتفاق کیا موجودہ کرپٹ ترین حکومت خود کو احتساب سے بچانا چاہتی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھے گی‘ حکومت نے عوام کو مہنگائی کا پیکج دیا ہے‘ پیٹرول کی قیمت نے145 روپے فی لیٹر کی حد پار نہیں کی بلکہ موجودہ حکومت نے نالائقی اور کرپشن کی ہر حد پار کرلی ہے‘ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں8 روپے سے زایدکے اضافے سے مہنگائی مزید بڑھے گی‘ عوام کا زندہ رہنا محال ہوگیا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے حکم پر حکومت ابھی پیٹرولیم لیوی بڑھا کر مہنگائی میں مزید اضافہ کرنے والی ہے جو ظلم ہے‘ اس طرح ملک نہیں چل سکتا‘ 3 سال میں خوردنی تیل کی قیمت میں 130فیصد کا ظالمانہ اضافہ ہوچکا ہے۔