لاہور (آن لائن) لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت شہباز شریف کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث بغیر کارروائی 12 نومبر تک ملتوی کردی جبکہ آئندہ سماعت پر ملزمان سمیت نیب استغاثہ کے گواہ کو دوبارہ طلب کرلیا۔ احتساب عدالت نمبر دو کے جج نسیم احمد ورک نے منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی۔جمعہ کے روز سماعت پر شہباز شریف اور انکے صاحبزادے حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگوائی۔ دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز ڈینگی وائرس کا شکار ہیں اس لئے پیش نہیں ہوسکتے لہٰذا استدعا ہے کہ سماعت ملتوی کردی جائے جس پر عدالت نے بغیر کارروائی سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزمان سمیت نیب کے گواہ کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے دوبارہ طلب کرلیا۔