قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا تو دمادم مست قلندر ہوگا ، شازیہ مری

318

کراچی (آن لائن) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی اطلاعات سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان نے اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا تو ایسا دمادم مست قلندر ہوگا کہ حکومت سنبھل نہیں پائے گی اور حکومت کو حالیہ 8 روپے سے زائد پیٹرول
میں اضافے کے عوام دشمن فیصلے کو فوری واپس لیکر قیمتوں میں کمی لائے۔ شازیہ مری نے کہا کہ عوام تیار رہیں، پاکستان پیپلزپارٹی مہنگائی کے خلاف جلد اپنے اگلے احتجاجی پروگرام کا اعلان کرے گی، عوام کو اس نالائق عمران خان نے ریلیف کے نام پر ہمیشہ تکلیف دی اور اب انکا حساب کا وقت آچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان آئی ایم ایف کے ایجنڈے کی تکمیل کرتے ہوئے عوام دشمن اقدامات کررہے ہیں اور ہم نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ عوام دشمن ہے جو کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی قیمتوں سے اب یہ ثابت بھی ہوچکا ہے۔