غریب عوام کو مہنگائی کی آگ میں جھونک دیاہے، سراج الحق

355

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق  کا کہنا ہے کہ حکومت کرپٹ ٹولے کے احتساب کی بجائے عوام کے لیے عذاب بن گئی،  غریب عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کی آگ میں جھونک دیا گیاہے، پورا ملک مہنگائی کی آگ کی لپیٹ میں ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ چاند پر جانے کی دعویدار حکومت نے ملک کو پستی کی دلدل میں دھکیل دیا۔ گزشتہ حکومتوں نے ملک کا ستیاناس جبکہ پی ٹی آئی نے سوا ستیاناس کردیا۔ بنی گالہ، بنی مافیا بن چکا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  وزیر اعظم نے راتوں رات پھر عوام پر پٹرول بم گرایا، یہ حکومت ملک کو غربت کی چکی میں پیس رہی ہے، مہنگائی بے روزگاری کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے پر ہے، وزیر اعظم کا ریلیف پیکج پہلے دن ہی تکلیف پیکج ثابت ہوا۔

سراج الحق نے کہاکہ  جماعت اسلامی ظالمانہ اقدامات کے خلاف 28 نومبر کو اسلام آباد ڈی چوک میں احتجاج کرے گی، وزیر اعظم سے مہنگائی، بے روزگاری پر یوٹرن لینے کا موقع ہاتھ سے نکل رہا ہے، ملک اسلامی نظام کے ذریعے ہی فلاحی ریاست بن سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  اب جماعت اسلامی ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، عوام کے پاس کھانے کو روٹی نہیں، وزیراعظم اور وفاقی وزرا خوشحالی کی بات کرتے ہیں۔ پٹرول تو کیا، آج ہر چیز عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے۔

انھوں نے کہا کہ عوام کو چائے میں چینی کا دانہ بھی گن گن کا ڈالنا پڑتا ہے، کشمیر پر حکومت نے تاریخی سودا کیا۔ وزیر اعظم اور اس کی ٹیم ناکام اور نالائق ہے۔ عمران خان کو 3 سال بعد بھی اپنے وزیراعظم ہونے پر شک ہے۔