کوئٹہ ، سریاب روڈ پر دستی بم حملے میں 3افراد زخمی

177

کوئٹہ (آن لائن )صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر دستی بم حملے کے نتیجے میں 3افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر دستی بم حملے کے نتیجے میں 3افراد مہر اللہ عبدالولی اور ابوبکر زخمی ہوگئے جنہیں فوری
طورپر ہسپتال منتقل کردیاگیا۔علاوہ ازیں گزشتہ روز ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے لوپ میں جغانی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے موٹر سائیکل پر سوار لیویز اہلکار سمیت 2 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ قتل کرنے کے بعد مسلح افراد نے پٹرول چھڑک کر موٹر سائیکل کو بھی آگ لگادی۔ مقتولین کی شناخت دینو مسوری بگٹی اور ظفر مسوری بگٹی کے ناموں سے کی گئی جو کہ سابق وزیر داخلہ بلوچستان سینیٹر سرفراز بگٹی کے قریبی ساتھی بتائے گئے ہیں ،سینیٹرسرفراز بگٹی نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنی پیغام میں قریبی ساتھیوں کی شہادت کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہذمہ دار دہشتگردوں کو اس کا جواب دینا پڑے گا،ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار نے لیویز ٹیم کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچ کر دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر مزید کاروائی شروع کردی۔