حکومت عوام کی گردن پر چھری چلا کر ریلیف دے رہی ہے،شہباز شریف

73

لاہور(نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان کا ریلیف پیکج مسترد کردیا۔اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ حکومت عوام کی گردن پر چھری چلا کر ریلیف دے رہی ہے۔موجودہ حکومت کے وعدوں اور بجٹ کی طرح ان کے نام نہاد ریلیف پیکیج بھی جھوٹ کا پلندہ ہیں، کیا بجٹ دیتے ہوئے نہیں کہا گیا تھا کہ یہ ٹیکس فری بجٹ ہے؟ اب قوم سے خطاب پر اعتراف کیا جارہا ہے کہ پیٹرول مہنگا ہوگا، جب پٹرول مزید مہنگا ہوگا، بجلی گیس کی قیمت بڑھے گی تو مہنگائی کیسے نہیں ہوگی؟شہباز شریف نے
کہا کہ جس حکومت کے بجٹ اعدادوشمار ناقابل اعتبار ہوں، اس کی کسی بات کو سنجیدہ سمجھنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں، ملک قرض کے بوجھ میں دب چکا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط نے قوم کا بھرکس نکال دیا ہے، ریلیف اور پی ٹی آئی دومتضاد چیزیں ہیں، نام نہاد ریلیف پیکیج کے اعلان کے وقت ہی یوٹلیٹی سٹور پر گھی اور خوردنی تیل 65 روپے لیٹر مہنگا ہونے کا اعلان ہورہا تھا ، ہول سیل مارکیٹ میں چینی 130 روپے کلو سے تجاوز کرچکی ہے۔صدر (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ دو دن میں چینی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے اضافہ ہوا ، جھوٹے وعدے کرنے والی حکومت کی کسی بات پر قوم کو اعتماد نہیں، ملک میں چینی کا ذخیرہ 15 روز کا رہ گیا ہے اور ٹی وی پر خطاب کا شوق پورا کیاجارہا ہے، مہنگائی کا تاریخی ریکارڈ قائم کرنے کے بعد خطاب کی نہیں ، ناکامی کے اعتراف کے ساتھ استعفا دینے کی ضرورت ہے، مہنگائی کو عالمی مسئلہ قرار دے کر عمران نیازی حکومت اپنی نااہلی، نالائقی ، غلط فیصلوں اور کرپشن چھپا نہیں سکتی۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت عوام کی گردن پر چھری چلا کر کہتی ہے کہ ریلیف دے رہے ہیں، قوم کو یہ سبق یاد ہوچکا ہے کہ مہنگائی بڑھتی ہے تو وزیراعظم چور ہے۔ آئی ایم ایف سے کیا شرائط طے ہو رہی ہیں، پارلیمنٹ سے کیوں چھپایا جا رہا ہے؟۔