ایران کا جوہری مذاکرات 29 نومبر سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

379

ایران نے کہاہے کہ وہ 29 نومبر سے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں کثیرالجہتی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے جا رہا ہے۔ ایران میں اقتدار کی منتقلی کے سبب مذاکرات، جن کا مقصد معاہدے کو بحال کرنا ہے، جون سے تعطل کا شکار ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق جوہری معاہدے سے متعلق ایران کے چیف مذاکرات کار علی باقری کنی نے اعلان کیا کہ جوہری معاہدے کی بحالی کے مقصد سے بات چیت کے لیے ان کی حکومت نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں آئندہ 29 نومبر کو ملاقات کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے ثالث اینرک مورا کے ساتھ فون پر بات چیت کے بعدیہ تاریخ طے کی گئی۔علی باقری نے اپنی ایک ٹویٹ میں ان اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ہم نے 29 نومبر کو ویانا میں غیر قانونی اور غیر انسانی پابندیوں کو ہٹانے کے مقصد سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ان کا اشارہ امریکا کی جانب سے اس معاہدے سے یکطرفہ طور پر الگ ہوجانے اور پھر ایران پر سخت پابندیاں عائد کرنے کی طرف تھا۔ایران میں اگست میں نئی حکومت کے قیام کے بعد سے ہی سن 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے حوالے سے ہونے والی بات چیت تعطل کا شکار ہے۔ اس سے قبل ایرانی حکام نے 27 اکتوبر کو کہا تھا کہ وہ نومبر کے اواخر تک بات چیت دوبارہ شروع کریں گے۔