لاہور(نمائندہ جسارت) وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پنجاب سمیت ملک میں امن وعامہ کی صورتحال اطمینان بخش ہے، موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتیں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا کر منفی سیاست کر رہی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے لاہور میں ملاقات کی،
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورامن عامہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور وزیراعظم عمران خان کی حکمت عملی سے معاملے کو بہتر انداز سے سلجھایا گیا، پنجاب سمیت ملک میں امن وعامہ کی صورتحال اطمینان بخش ہے، موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتیں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا کر منفی سیاست کر رہی ہیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہونا پاکستان کی جیت ہے، پاکستانکیلیے سب نے اجتماعی بصیرت کا مظاہرہ کیا، حکومت سب سے پہلے پاکستان کے مفادات کو ترجیح دیتی ہے، موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کا رویہ ملکی مفادات کے منافی ہے، حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں اور مزید بہتر ہوں گے، پنجاب میں امن و عامہ کی صورتحال بہتر ہے۔