ایران کا امریکا پر بیحرہ عمان میں قزاقی کا الزام

224

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے امریکا پر بحیرئہ عمان میں آئل ٹینکر لوٹنے کی کوشش کا الزام عائد کردیا۔ سرکاری ٹی وی نے سپاہِپاسداران انقلاب کے حوالے سے بتایا کہ امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے نے ہیلی کاپٹروں اور جنگی طیاروں کے ذریعے آئل ٹینکر پر قبضے کی کوشش کی،جسے ناکام بنادیا گیااور تیل بردار جہاز بحفاظت ایرانی سمندری حدود میں آگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق بحرین میں موجودامریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے عائد الزامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ دوسری جانب ایرانی نیشنل سیکورٹی کونسل کے سربراہ علی شامخانی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی صدر جو بائیڈن نے یہ یقین دہانی نہ کرائی کہ ان کا ملک پھر سے جوہری معاہدے سے پیچھے نہیں ہٹے گا تو مذاکرات ناکام بھی ہو سکتے ہیں۔ شامخانی نے کہا کہ بظاہر بائیڈن کے پاس اختیارات کی کمی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ کسی بھی چیز کی ضمانت نہیں دے رہے۔ اگر معاملات اسی طرح آگے بڑھے، تو مذاکراتی عمل کا نتیجہ غیر واضح رہ سکتا ہے۔ادھر اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹس نے کہا ہے کہ انہوں نے ایران کے جوہری عزائم سے نمٹنے کے حوالے سے امریکی ہم منصب لائڈ آسٹن سے بات چیت کی۔ اپنی ٹوئٹ میں گینٹس نے بتایا کہ امریکی وزیر دفاع کے ساتھ بات چیت میں اسرائیلی امریکی سیکورٹی اور عسکری اداروں کے بیچ مشترکہ رابطہ کاری زیر بحث آئی۔ گفتگو میں خطے میں ایرانی اڈوں اور ان کا مقابلہ کرنے کے لیے مطلوبہ اقدامات کے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے اتوار کے روز سی این این کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ جوہری معاہدے میں ایران کی واپسی کے حوالے سے امریکا کا برطانیہ، جرمنی اور فرانس کے ساتھ مکمل اتفاق ہے، تاہم یہ بات واضح نہیں کہ آیا تہران سنجیدہ طریقے سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ مئی 2018ء میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ملک کو جوہری معاہدے سے الگ کر کے ایران پر دوبارہ سے کڑی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ اس پیش رفت کے جواب میں تہران نے معاہدے میں درج یورینیم کی افزودگی پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی شروع کر دی۔ ایران یہ اعلان کر چکا ہے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام سے متعلق معاہدے کو بچانے کے لیے رواں ماہ امریکا کے ساتھ بالواسطہ ویانا مذاکرات کے دوبارہ آغاز کے لیے تیار ہے۔ یہ مذاکرات رواں سال جون میں معطل ہو گئے تھے۔