بلاول نے وزیراعظم کے مہنگائی میں ریلیف پیکیج کو مذاق قرار دے دیا

139

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے وزیراعظم کے مہنگائی میں ریلیف پیکج کو مذاق قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ تاریخی مہنگائی میں 30 فیصد سبسڈی بہت کم ریلیف ہے، تین سالوں میں گھی 108 فیصد، آٹا 50 فیصد اور گیس کی قیمت 300 فیصد بڑھ گئی، چھ ماہ کیلییریلیف پیکج مذاق کے سوا کچھ نہیں۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا پیکج سوائے مذاق کے اور کچھ نہیں، وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ آٹا، گھی اور دالوں پر30 فیصد رعایت سے صرف چھ ماہ کیلیے کچھ خاندانوں کو فائدہ ہوگا، گزشتہ تین سالوں میں گھی 108 فیصد، آٹا 50 فیصد اور گیس کی قیمتوں میں 300 فیصد کا اضافہ ہوا، تاریخی مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا سامنا کرنے والی 20 کروڑ کی آبادی کیلیے 30 فیصد رعایت بہت کم اور کافی تاخیر سے ہے۔اس سے قبل بلاول نے لاڑکانہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تین سالوں میں بجلی کی قیمتوں میں 60 فیصد کا اضافہ ہوا اور آج عمران خان 30 فیصد ریلیف پیکیج کا اعلان کررہے ہیں، عمران خان نے آج کسی ریلیف پیکیج کا نہیں بلکہ ایک لالی پاپ پیکیج کا اعلان کیا ہے، گھی کی قیمتوں میں تین سالوں میں 110 فیصد کا اضافہ کرنے والوں نے 30 فیصد کا ریلیف دیا، انہیں شرم بھی نہیں آتی، یہ کیسا مذاق ہے کہ ارب پتیوں کے لیے ایمنسٹی اسکیموں کا اعلان کرنے والی حکومت کے پاس عوام کی بہبود کا کوئی منصوبہ نہیں، عمران خان جھوٹ بولنے والے اور وعدہ خلافی کرنے والے وزیراعظم ہیں